حرف به حرف

زلان مومند پختونخوا کے صحافی اور کالم نگار ہیں۔ ان کا کالم حرف بہ حرف کے عنوان کے تحت صوبے کے ممتاز اخبارات میں باقاعدگی سے شائع ہوتا رہا ہے۔ یہ بلاگ ان کی گزشتہ تحاریراور تازہ تخلیقات کا انتخاب ہے

Tuesday 29 October 2013

میڈیا کی برکات۔ اور کچھ بیاں اپنا

                 یہ اس وقت کی بات ہے جب آج سے قریباً ایک عشرہ قبل بسلسلۂ روزگار ہمیں ایک ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہونا پڑا، غریب الدیاری اور خواری(مؤخر الذکر لفظ پشتو اور فارسی دونوں کا سمجھا جائے) کی ایک الگ ہی کہانی ہے اسے پھر کسی وقت پر اٹھا رکھتے ہیں ، اس وقت ہماری زبان کا کوئی چینل ہی نہیں تھا ( ابھی حال ہی میں ایک دوسرا چینل کھلا ہے لیکن اس چینل کے آگے پیچھے دائیں بائیں اور اوپر نیچے کوئی نظر ہی نہیں آتا) اس پر چینل کے مالک کی شدید خواہش تھی کہ اس چینل میں حالات حاضرہ اور نیوز کا بھی شعبہ ہونا چاہئے ، چناں چہ ایک مسئلہ ہمیں درپیش تھا اور وہ یہ کہ ہم نے سب کچھ شروع کرنا تھا اور وہ بھی زیرو سے-
               چینل کے مالک نے ہمیں ایک میٹنگ کے لئے بلوایا ، ایک دوسرے تجربہ کار صحافی جنہوں نے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا تھا اور ہمارے چینل کے ڈائریکٹر نیوز تھے وہ بھی موجود تھے، انہوں نے ہم دونوں کے سامنے ایک سوال رکھا کہ پالیسی کیا ہونی چاہئے ؟ہم نے اپنے ڈائریکٹر کی طویل تقریر سنی ، بڑے علمی اور تہذیبی نکات کا عمیق جائزہ انہوں نے نہایت ہی سادہ انداز میں چینل کے مالک کے سامنے رکھ دیا، ان کی باری ختم ہوئی تو محترم مالک نے ہم سے استفسار کیا  ہمارے پاس دلائل و براہین کا وہ قاموس تو نہیں تھا جو ہمارے ڈائریکٹر کے پاس تھا البتہ ہم نے خود مالک سے یہ پوچھنے کی جسارت کی کہ پالیسی کی ضرورت ہی کیا ہے ؟کیا اس حوالے سے انہیں سرکاری طور پر کوئی ہدایت موصول ہوئی ہے یا وہ خود کسی خاص قسم کی سوچ اس چینل کے ذریعے پروان چڑھانا چاہتے ہیں ؟ہمارے اکھٹے ان سوالات مع تأثرات پر انہیں حیرت ہوئی اور کہنے لگے کہ ابلاغ کے ہر ذریعے کی کوئی پالیسی ہوتی ہے ، ہم نے کہا کہ ایسا سابقہ سویت یونین کے زمانے میں ہوا کرتا تھا ، آزادئ اظہار کے سب سے بڑے وکیل امریکہ اور اس کے حلیفوں نے مختلف حیلوں اور بعض ممالک میں قوانین کے ذریعے ابلاغ کے آزاد ذرائع کا ناطقہ بند کر رکھا تھا ، اور جو اخبارات و جرائد سویت یونین کی طرف معمولی جھکاؤ کا بھی اظہار کردیتے تھے انہیں پراپیگنڈا مشین قرار دیا جاتا تھا ، اور پھر سرکاری مراعات یافتہ میڈیا اس اخبار یا جریدے کا کوئی ایسا نقشہ کھینچتے کہ معلوم ہوتا کہ یہ کوئی شیطانی منصوبہ ہے یا رسالے اخبار وغیرہ کا ایڈیٹر گوئبلز کا کزن ہے ، ان معروضات کا اثر خاطر خواہ ہوا ، پوچھنے لگے کہ پھر کیا کیا جائے ، ہم نے گزارش کی کہ پالیسی کی ضرورت ہی نہیں ، ہم نے سچ ہی کو فروغ دینا ہے ، عوامی مفادات کا خیال رکھنا ہے اور کھرے کھوٹے کی تمیز بتانی ہے اس کے لئے کسی پالیسی کی ضرورت نہیں ، انسان اس درجہ پرترقی کر چکا ہے کہ اب برے بھلے کی تمیز کرنے کے لئے سقراط کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہی ، بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ فلاں کام کے پس پشت کیا عوامل کارفرما ہوسکتے ہیں ، چناں چہ یہ طے پایا کہ کوئی پالیسی ہی نہیں ہوگی ، جو بھی ہوگا خلوص نیت سے ہوگا اور عوامی مفاد کو ہر مفاد پر مقدم رکھا جائے گا-
             سچائی بھی یہی ہے ، سویت یونین کے خاتمے کے سو نقصانات ایک طرف اور یہ فائدہ دوسری طرف کہ اس عظیم تحلیل ریاست نے آزادئ اظہار کی راہ ہموار کر دی ، ہمارے پرانے رفقائے کار ، سرکاری ملازمین اور حکومتی میڈیائی ذرائع سے منسلک صحافت کاروں کے نزدیک اس بات کی اہمیت مشکوک ہو یا ان کے نزدیک پالیسی کا وجود ازبس ضروری ٹھہر سکتا ہے لیکن اب دنیا 1991ء سے بہت آگے نکل چکی ہے ،ذرائع ابلاغ کا ایک کردار متعین ہوچکا ہے اور ان کے کردار کے اثرات بد کی وجہ سے اس تعین کی سمت واضح نہیں ہوپا رہی گویا یہ نو دریافت کرداری تعین بھی مسلسل ارتقا کے مراحل سے گزر رہا ہے ، ابلاغ کا ہر ذریعہ مختلف تجربوں کے ذریعے غلطیوں سے سیکھ رہا ہے ۔ہمارے خیال میں ابلاغ کے کسی بھی سوتے کی کوئی پالیسی نہیں ہونی چاہئے سوائے ایک پالیسی کے اور وہ ہے ملازمین کے تقرر کی ، ان کی اہلیت کے معیار کی ، اور ان کے علم و دانش اور آگہی کی ۔
               یہی دیکھ لیں کہ آج کل ہر نیوز چینل شیخ رشید کو نہایت ہی پرائم اوقات میں دل کی بھڑاس نکالنے کا بھرپور موقع فراہم کرر ہے ہیں اور جناب شیخ بھی ایسے طرز عمل کا مظاہر ہ کر رہے ہیں کہ جیسے ان کے پاس پاکستان کے تمام مسائل کا حل موجود ہے ، اور یہ کہ پاکستان کے ہر مسئلے کا جتنی باریک بینی سے انہوں نے مطالعہ کر رکھا ہے اس قدر علم یہاں کے اداروں اور جامعات کے پاس بھی نہیں ، گویا ہر نوعیت کی سیاسی دانش شیخ رشید کے گھر کی لونڈی ہے ، سوائے ایک طلعت حسین کے جنہوں نے اپنے ایک پروگرام میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ اس ملک کی ذہنی پستی کی اس سے بڑی دلیل کیا ہوگی کہ بڑے بڑے سیاسی دماغوں کی بجائے تمام چینل شیخ رشید کو دن رات سر پر اٹھائے پھرتے ہیں 
             الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے چند سال پیشتر اس رائے کا اظہار ہم نے کیا تھا ہمارے ہاں جو کچھ ہورہا ہے وہ صحافت کا شوبزنس ہے اسے ٹی وی جرنلزم نہیں کہا جاسکتا ، یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ ٹی وی چینلوں نے راتوں رات مشہور صحافیوں کو جنم دیدیا ہے ، جن لوگوں نے اپنی زندگی میں کسی جلوس کی رپورٹنگ نہیں کسی پریس کانفرنس میں نہیں بیٹھے وہ لوگ اچانک نجانے کہاں سے پیراشوٹ کے ذریعے نیوز چینلوں پر سیاست دانوں سے سیاست کی باریک بینیوں پر سوالات پوچھتے رہتے ہیں اور وہ ابھی اس قسم کے اول فول کے ابکائی اور متلی کی سی کیفیت ہوجاتی ہے ، اس پر بھی مستزاد یہ کہ نیوز ریڈروں کو اینکرز بنا دیا گیا ہے ، نہ انہیں کسی سیاسی پارٹی کی تاریخ کا پتہ ہوتا ہے نہ ملکی سیاست کی تاریخ کی سمجھ ہوتی ہے نہ ہی ملکی آئین و قوانین سے کسی قسم کی واقفیت لیکن بھلا ہو پی آر بینک کا جس نے پاکستان میں اس قدر برانچیں کھول رکھیں ہیں کہ ہر قسم کے لوگ نیوز ریڈر سے اینکر ، اینکر سے دانشور اور اب فلاسفر بنتے جارہے ہیں ،ٹی وی پر آ موجود ہونے والے ایسے ماہرین سوات کا کیا ذکر کریں جو سوات کو ساوات کہتے نہیں تھکتے ، ہر چینل کے حالات حاضرہ کے پروگرام کرنے والوں کے پاس ایسے ’’دانشوروں‘‘ کا ایک فہرست ہوتی ہے جنہیں سحری سے لے تہجد تک کے سارے وقت میں کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے ، اور ان ماہرین کی مصروفیات میں کوئی خلل بھی واقع نہیں ہوتا ۔
            ایک حضرت ہیں جو ڈاکٹر کہلاتے ہیں لیکن اتنا چیختے ہیں اتنا چیختے ہیں کہ ان کی دماغی صحت پر شک ہو جاتا ہے ، صنف نازک کے حسن و جمال اور پیکر کے شیدائیوں نے ایسی خواتین اینکرز کو بھی اس میدان میں لا بٹھایا ہے جن کا نہ تو صحافت سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اس ملک کے عمومی مسائل کا ان پر کوئی اثر مرتب ہوتا ہے ، یہ بات الیکٹرانک میڈیا تک محدود نہیں ، اخبارات کے صفحات کیا زیادہ ہوئے ان کا پیٹ بھرنا اور بھی مشکل ہوگیا ، جو لوگ پروف ریڈر تھے وہ اداریہ نویس و کالم نویس بن گئے چلئے کسی طور ایک مقام پر اس دلیل کا استحکام متاثر ہوسکتا ہے ، لیکن ہومیوپیتھک ڈاکٹروں ، بیمہ ایجنٹوں اور حکیموں کے ساتھ ساتھ ایسے ہی پیشوں سے وابستہ لوگ بھی اب کالم نویسی کا شغل فرمانے لگے ، پہلے زمانے میں اخبارات کے ادارتی صفحے پر ایک آدھ کالم ہوتا تھا لیکن آج کل ایسی الٹی گنگا بہنے لگی ہے کہ جس نے دس سطریں کھینچیں بس وہ تصویر کے ساتھ جناب مدیران کرام کالم کی صورت شائع کر دیتے ہیں ، پھر سکولوں سے وابستہ اساتذۂ کرام کی ایک وافر تعداد بھی اس کار خیر میں مصروف ہے ، ان کا مطمح نظر یہ ہوتا ہے کہ جیسے تیسے ہیڈ ماسٹر کو اپنی اخباری سرگرمی سے کنٹرول کیا جاسکے ، ایسے حالات میں اچھا بھلا انسان بھی حسن نثار جتنا مایوس ہو سکتا ہے ۔ان میڈیائی دانشوروں کی بصیرت افروزیوں کی داستان ختم نہیں ہوئی ۔ یا ر زندہ صحبت باقی !! 

Thursday 10 October 2013

ضمیر کا بوجھ اور اعظم ہوتی

ہمیں اس بات سے کلی اتفاق ہے کہ واقفان حال کے نزدیک اس تحریر کا عنوان ہی شتر گربگی (Oxymoron) کی مثال ہے لیکن اسی عنوان کا انتخاب اس لئے لازم تھا کہ اعظم ہوتی کے نزدیک وہ یہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ ضمیر کے بوجھ کی وجہ سے کر رہے ۔ مرزا اسداللہ خاں غالب کو کسی ایسی ہی صورت حال سے قبل حالِ دل پر ہنسی آتی تھی لیکن بعدازاں وہ صاف لفظوں میں فرما گئے کہ انہیں اب کسی بات پر ہنسی نہیں آتی ۔

 ہمارے ہاں کسی زمانے میں اخبار نویس بڑے باخبر ہوتے تھے اور ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ انہیں سب کچھ پتہ ہوتا ہے لیکن شاید اب ایسا نہیں ، ان تمام باتوں سے قطع نظر جو اعظم ہوتی نے ایک تسلسل میں کی ہیں کسی صحافی نے ان سے یہ پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی ، وہ گزشتہ کتنے ماہ سے اپنے عظیم والدؒ خان لالا امیر محمد خان کا مدفن ومرکز چھوڑ کر پشاور میں بطور ایک مہاجر رہائش پذیر ہیں،اور وہ کون سے عوامل تھے کہ وہ نہ صرف یہ کہ مردان میں خدائی خدمت گاروں کی اولادوں کو چھوڑ کر آئے بلکہ مردان میں خدائی خدمت گاری کے مرکز خان لالا کا گھر اور حجرہ بھی چھوڑ کر پشاور میں آبسے ؟

پھر انہوں نے جن خیالات کا اظہار اسفندیار ولی خان کی شخصیت کے حوالے سے کیا اس کے اس پہلو کو وہ بالکل فراموش کرگئے کہ دراصل انہوں نے اپنی درید ہ دہنی کا ہدف خان عبدالولی خان کی ذات کو بنا یا ہے ، ایک نا سمجھ اور اس قصے سے ناواقف آدمی تو یہی سمجھے گا کہ رہبر تحریک نہ صرف کہ درپردہ سازشوں کی مجاز اتھارٹی تھے بلکہ کرپشن اور حکومت سے عطیات وصول کرنے جیسے اہم معاملے پر خامو ش رہ کر نامعلوم مصلحت کا شکار ہوئے ، اور وہ بھی صرف اس لئے کہ اعظم ہوتی کی خوشنودی انہیں حاصل رہے ،اور اعظم ہوتی کے نامزد کردہ مرکزی صدر کی صدارت کا بھرم رہے-

 خوش قسمتی ہے کہ رہبر تحریک کی سیاسی زندگی ایک کھلی کتاب ہے اور انہوں نے اپنی زندگی میں اپنی خود نوشت لکھ کر اعظم ہوتی کے بہت سارے سوالات کا پیشگی جواب دیدیا تھا،اس بات سے بھی انکار کی گنجائش نہیں کہ ہمیں کسی کے ضمیر کے بارے میں فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ، شاید یہ اختیار کسی کے پاس نہیں ، لیکن ضمیر کے فیصلوں کے منصۂ شہود پر آنے کے بعد ہر فیصلہ ایک طبعی شکل اختیار کرتا ہے یا اس طبعی شکل کے وجود میں آنے کی راہ ہموار کرتا ہے ، سو ایسا کوئی بھی فیصلہ نقد ونظر کے میزان پر پرکھا جاسکتا ہے - 

ضمیر کے بوجھ سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے بقول اعظم ہوتی ان کے پاس تین راستے تھے ، ان تین راستوں کی وضاحت انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں یوں کی تھی کہ اولاً ان کے پاس راستہ یہ تھا کہ وہ پارٹی کے اعلیٰ اختیاراتی فورم پر بات کرتے ، دوسرا راستہ یہ تھا کہ وہ ساز باز یا جوڑ توڑ کرتے اور 2005کے اواخر میں جیسا بیگم نسیم ولی خان صاحبہ کے ساتھ ہوا اسی قسم کے کسی ماڈل پر کام کرتے اور تیسرا راستہ یہ تھا کہ وہ پریس کانفرنس کرتے اور جو بیان انہوں نے اس پریس کانفرنس سے چند روز پیشتر دیا تھا اس کا دفاع کرتے -

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیسرے راستے کا انتخاب کیا ، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اول الذکر دونوں راستے انہوں نے کیوں نہیں چنے ، یہ نہ بتانے کی وجہ بڑی بیّن اور واضح ہے - عوامی نیشنل پارٹی کے ہر اعلیٰ اختیاراتی فورم پر وہ اسفندیار ولی خان کی قیادت کو ناگزیر قرار دیتے رہے تھے ، حتیٰ کہ آخری مرکزی مشاورتی اجلاس جس میں انہوں نے شرکت کی تھی اس میں بھی انہوں نے اسفندیار ولی خان کی قیادت کو پارٹی کے لئے از بس ضروری قرار دیا تھا ، لیکن اگر انہیں یہ یاد نہ ہو تو انہیں یہ توضرور یاد ہوگا کہ اسفندیار ولی خان نے اس مرتبہ پارٹی کی قیادت کرنے سے معذرت ظاہر کردی تھی ، یہ ان دنوں کی بات ہے جب اے این پی برسر اقتدار تھی اور چار سال کی آئینی مدت کے خاتمے پر پارٹی اپنے طریق کار کے مطابق ممبر سازی کے مرحلے سے گزر رہی تھی ، مرکزی کونسل کے اجلاس نے متفقہ طور پر اسفندیار ولی خان کی معذرت مسترد کردی تھی اور انہیں یہ کہا تھا کہ وہ بہر حال پارٹی کی قیادت جاری رکھیں گے ، یہی وہ موقع تھا جب اعظم ہوتی نے اسفندیارولی خان کی قیادت کی ناگزیر حیثیت کی مزید تشریح کی تھی -

 30نومبر 2011کو جب پارٹی کے مرکزی انتخابات کا انعقاد وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہورہا تھا تو اس وقت بھی اسفندیارولی خان کا نام اعظم ہوتی نے یوں تجویز کیا تھا’’میں محمد اعظم خان ہوتی پارٹی کی مرکزی کونسل کے رکن کی حیثیت سے اسفندیارولی خان کا نام پارٹی کی صدارت کے لئے تجویز کرتا ہوں‘‘۔ جس کی تائید سینیٹر عبدالنبی بنگش صاحب نے کی -

 یہ تو خیر دو سال پرانی بات ہے اور ضمیر کا حافظہ شاید ان دنوں فالج کی نذر تھا لیکن چار جون 2013ء کو پشاور میں منعقدہ صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ان کے خیالات اسفندیار ولی خان کے بارے میں سر مو تبدیل نہیں ہوئے تھے- 

انہوں نے ساز باز ، جوڑ توڑ یا سازش کے آپشن کے عدم استعمال کی وجہ نہیں بتائی ، وہ بھی کوئی قابل بیان وجہ نہیں تھی کیونکہ انہوں نے اپنے جن دو قریبی رفقاء سے بات چیت کی انہوں نے ان کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی ، البتہ تیسرا آپشن استعمال کرنے کا ان کے پاس ہمیشہ موقع تھا-

 اپنی پریس کانفرنس میں اعظم ہوتی نے ایک بات یہ بھی کہی تھی کہ وہ 1970ء کی دہائی سے رہبرتحریک خان عبدالولی خان کے بہت قریب رہے ہیں ، حالانکہ واقعاتی صداقتیں اس سے مطابقت نہیں رکھتیں ، ایک تو 70کی دہائی پاکستان کی سیاست کے حوالے سے نہایت ہی طوفانی قسم کی تھی ، بنگلہ دیش کی آزادی ، آئین کی ترتیب اور اس کے بعد حیدرآباد سازش کیس ایسے مراحل تھے جن میں نیپ کی ہائی کمان میں کسی نے بھی اعظم ہوتی کا نام نہیں سنا تھا ، پارٹی کی کسی بھی میٹنگ میں اعظم ہوتی کی رہبرتحریک کے ساتھ کوئی تصویر تک نہیں ، واضح رہے کہ حیدرآباد سازش کیس کے خاتمے پر رہبرتحریک رہائی کے بعد لندن چلے گئے تھے ، یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ 1970کی دہائی میں اعظم ہوتی کی عمر صرف 24سال تھی ، اور 70ہی کی دہائی میں وہ سانحہ لیاقت باغ کے بعد کابل چلے گئے تھے  وہ 1946میں پیدا ہوئے ہیں ، اور اسفندیار ولی خان سے ان کی عمر تیس چالیس سال زیادہ نہیں بلکہ دو سال اور چند ماہ ہی زیادہ ہے ، اسفندیار ولی خان فروری 1949میں پیدا ہوئے -

ہم یہ بھی نہیں کہیں گے کہ ’’کہ آمدی و کہ پیر شدی‘‘ لیکن اگر اعظم ہوتی کا استدلال یہ ہے کہ وہ اور ان کے والد اس تحریک کے ساتھ رہے ہیں تو اس سے زیادہ دعویٰ اسفندیار ولی خان کا ہے جو یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ تحریک شروع تو ان کے گھر انے سے ہی ہوئی ہے ، خان لالا امیر محمد خان ؒ کی عظمت و جدوجہد میں کوئی شک نہیں ، ان کی ذات اس پورے معاملے سے بالا ہے ، لیکن چونکہ اعظم ہوتی نے ان کا ذکر کیا تھا اس لئے مجبوراً ان کا نام بھی آیا، جس زمانے میں بزرگوارم محترم اجمل خٹک مرحوم کو پرویز مشرف کی ذات میں کسی روشنی کی جھلک نظر آئی تھی اور نتیجتاً انہیں اے این پی سے جانا پڑ گیا تو وہ کہا کرتے تھے کہ انہوں نے اسی( 80)سال خدائی خدمت گاری کو دئے ، جس کا انہیں یہ صلہ دیا گیا ، رہبر تحریک خان عبدالولی خانؒ سے جب کسی نے یہ استفسار کیا تو انہوں نے پوچھا تھا کہ اسی سال تو ان کی عمر نہیں اپنی پیدائش سے بیس سال قبل وہ نجانے کہاں خدائی خدمتگاری کرتے رہے ، اب وقت کے الٹ پھیر نے اس سوال کو نئی زندگی عطا کر دی ہے ، اعظم ہوتی اسفندیار ولی خان سے دو ایک برس عمر میں زیادہ ہیں ، ان کی سیاسی جدوجہد کی کتاب کے سارے ورقے خالی ہیں لیکن تأثر ایسا دے رہے ہیں کہ وہ 1910ء میں آزاد سکول کے ہیڈ ماسٹر تھے یا فضل محمود مخفی صاحب ان سے رشتہ تلمذ رکھتے تھے

70کی دہائی میں وہ افغانستان چلے گئے تھے ، جنرل ضیاع کےمارشل لا میں واپس آئے تو بھی رہبر جیل میں تھے بعد میں رہبر لندن چلے گئے ، در اصل اعظم ہوتی کی سیاسی زندگی کا آغاز 1988ء کے عام انتخابات کے ساتھ ہوا تھا ، 1990ء میں جب وہ رکن قومی اسمبلی بنے اور وزیر ہوئے تو ان کا اثر ورسوخ پیدا ہوا ، باقی کی زندگی کا وہ حوالہ نہ دیں کہ اس دوران کوئی ایسا سیاسی عہدہ ان کے پاس نہیں رہا جو پالیسی سازی پر اثر انداز ہو ، ان کا اثر ورسوخ کا منبع بیگم نسیم ولی خان کی ذات ہی تھیں اور اس میں کسی کو کوئی شک نہیں - 

اعظم ہوتی نے اپنی پریس کانفرنس میں اسفندیار ولی خان کے لئے کوئی ایسا نازیبا کلمہ استعمال نہیں کیا تھا بلکہ یہ تک کہا تھا کہ وہ شریف النفس انسان ہیں لیکن جب انہیں پارٹی سے فارغ کردیا گیا تو اس کے بعد خیبر نیوز پر انہوں نے اسفندیار ولی خان پر نہ صرف یہ کہ الزامات لگائے بلکہ رہبرتحریک خان عبدالولی خانؒ کے حوالے سے انہوں نےجو کچھ اسفندیار ولی خان کی بابت کہا وہ بلواسطہ رہبرتحریک کے خلاف چارج شیٹ تھی ، اسے اعظم ہوتی کی بدقسمتی پر محمول نہیں کیا جاسکتا کہ وہ رہبرتحریک کے حوالے سے جو گواہ بھی پیش کرتے ہیں وہ طبعی طور پر یا سیاسی طور موت سے ہمکنار ہوچکا ہوتا ہے ، ان کے زندہ گواہ بیگم نسیم ولی خان اور فرید طوفان ہیں ، جو اسفندیار ولی خان کے خلاف گواہی دیں یا نہ دیں ان کا فیصلہ پہلے سے ہی معلوم ہوتا ہے -

 اعظم ہوتی نے یہ بھی کہا کہ اسفندیار ولی خان کے حوالے سے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کا کہنا تھا کہ وہ منافق ہیں ، جھوٹے ہیں اور بزدل ہیں ، اس دعوے کی تصدیق واقعاتی صداقتوں سے کتنی ہوتی ہے اس کے بارے میں وہ اسی پروگرام میں کہتے ہیں کہ پہلی دو باتوں کو چھوڑ دیں لیکن بزدل تو وہ ہیں ہی کہ ولی باغ میں دھماکے کے بعد وہ فوری طور پر ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر اسلام آباد چلے گئے۔

 ہم ان پہلی دو باتوں کو بھی نہیں چھوڑتے ، ان کے حوالے سے بھی بعض امور کا انہیں جواب دینا چاہئے - جس منافقت کا الزام انہوں نے اسفندیار ولی خان پر لگا یا ہے اس کا کوئی ثبوت تو انہوں نے نہیں دیا البتہ چوبیس سال تک اسفندیار ولی خان کو صدر بنائے رکھنے اور دل سے انہیں صدر نہ ماننے کی روش کو کیا نام دیا جائے وہ خود ہی بتا دیں - 

جھوٹ بولنا بہت بڑی روحانی بیماری ہے ، اس بیماری کے کردار پر بہت اثرات مرتب ہوتے ہیں ، جھوٹے کی محبوبیت نہیں رہتی ، جھوٹ کھلتے رہتے ہیں شخصیت کا طلسم جاتا رہتا ہے - اسفندیار ولی خان پر یہ دوسری تہمت باندھنے سے قبل اس نکتے پر غور کرنا لازم ہے کہ جن خدائی خدمتگاروں کی اولادوں کو آج اچانک بیداری کا اذن اعظم ہوتی کی جانب سے مل رہا ہے ان میں وہ خود کتنے مقبول ہیں ،اور خود ان کا کردار کتنے لوگوں(خدائی خدمتگاروں اور ان کی اولادوں کو چھوڑئیے) کے لئے مشعل راہ اور چراغ ہدایت ہے؟ 

ہیلی کاپٹر میں اڑ کر اسلام آباد جانے کو پھبتی بنا کر بار بار اسی پر تان توڑنے کو تقریر بازی کہئے یا شعبدہ بازی لیکن کیا اس بات سے انکار کیا جا سکتا ہے کہ اے این پی کی مشاورتی کمیٹی مرکزی کمیٹی مرکزی مجلس عاملہ صوبائی مجلس عاملہ کتنے ہی فورم ہیں جنہوں نے اسفندیار ولی خان کو یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرگرمیاں محدود کرلیں، اور یہ کہ ان کے لئے موجودہ حالات کے تناظر میں پہلے جیسی سیاسی سرگرمی جاری رکھنا قرین مصلحت نہیں ، چلئے اسے بھی ایک طرف رکھتے ہیں جس دن اعظم ہوتی پریس کانفرنس کر نے پشاور پریس کلب پہنچے اور صدر کے کمرے میں تشریف فرما تھے تو کیا انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ جس روزخودکش دھماکہ ہوا تو اسفندیارولی خان کو انہوں نے ہی یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ جناب آصف علی زرداری کی دعوت قبول کرتے ہوئے اہل خانہ سمیت اسلام آباد چلے جائیں ؟ کیا اس بات سے انکار کرنا ان کے لئے ممکن ہے جو انہوں نے درجنوں صحافیوں کے روبرو کہی ؟اور کیا اس بات کو بطور حجت تسلیم کیا جاسکتا ہے کہ وہ اس لئے بزدل ہیں کہ وہ اسلام آباد چلے گئے ؟اس اصول کی تشریح کے لئے انہیں دلیل منطق سیاست تجزیہ اور نجانے کیا کیا متعلق وغیر متعلق اشیاء جن کے نام انہوں نے گنوائے کوئی ایک بھی میسر ہے؟

انہیں تو اصولی طور پر اس واقعے کا ذکر تک نہیں کر نا چاہئے تھا کیونکہ وہ خود اس بات کی وضاحت نہیں کرسکتے کہ مردان سے وہ بغیر ہیلی کاپٹر کے اڑ کر پشاور کیسے پہنچے ، وہاں تو کوئی دھماکہ بھی نہیں ہوا تھا ، اور نہ ہی انہیں کسی نے بلایا تھا!

 انہوں نے یہ بات بھی کہی کہ بیگم نسیم ولی خان پر قاتلانہ حملہ اسفندیار ولی خان نے کروایا تھا اور یہ کہ یہ بات اسفندیار ولی خان نے رہبرتحریک اور سنگین ولی خان اور خود ان کے سامنے بھاری دل سے تسلیم کی تھی ( نوٹ کیجئے کہ ان کے گواہوں کی فہرست میں ایک تو وہ خود مدعی ہیں باقی وفات پاچکے ہیں) لیکن اس حوالے سے بھی چند نکات جواب طلب ہیں کہ اگر ایسا ہوا تھا تو بیگم نسیم ولی خان جو بین السطور بات کرنے میں ملکہ رکھتی ہیں اپنی پارٹی سے بیدخلی کے بعد ضرور اشاروں اور کنایوں میں یہ بات کہہ دیتیں لیکن فی الحقیقت ایسا نہیں ہو ا ، یہ تہمت ہی نہیں گمراہ کن پروپیگنڈہ ہے-

ان سطور کے لکھنے کے دوران اس بات کا خیال مجھے آیا کہ اس واقعے کی صداقت کے بارے میں بیگم نسیم ولی خان سے خود بھی پوچھا جا سکتا ہے ، میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے اس واقعے سے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا ، کچھ دیر بعد ان کا فون آیا ، انہوں نے پہلے تو اس واقعے کے حوالے سے اپنے پہلے بیان کی تردید کی ،اور کہا کہ ایسا مردان میں ہوا تھا اور اس موقع پر سنگین ولی خان ، اعظم ہوتی اور رہبرتحریک کے ساتھ وہ خود بھی موجود تھیں ( اعظم ہوتی نے ان کی موجودگی کا ذکر نہیں کیا ) میں نے پھر پوچھا کہ کیا واقعی اسفندیار ولی خان بطور ایک مجرم اقبالی بیان دے رہے تھے اور سنگین ولی خان نے ان پر چارج شیٹ لگائی تھی تو انہوں نے فرمایا کہ نہیں ، اور مجھ سے پوچھا کہ’’ تمہی کہو کیا یہ ممکن ہے؟اسفندیار خان اس موقع پر نہیں تھے‘‘۔اتنے میں پیچھے سے آوازسنائی دی کہ اسفندیار خان موجود تھے ، پھر بی بی کو بھی اس کی تائید کرنی پڑی-

بہرحال یہ ایسا چھوٹا واقعہ نہیں تھا ، رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیگم نسیم ولی خان کے بارے میں حساسیت کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ، ان کے حوالے سے رہبر تحریک نے اپنی خود نوشت کی دوسری جلد میں ان کے سیاسی قدکاٹھ اور سمجھ بوجھ کی جو تعریف کی ہے اس سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ رہبر کے نزدیک محترمہ بیگم نسیم ولی خان کی کیا حیثیت تھی ، خان عبدالولی خانؒ ایسی کسی حرکت کو معاف نہ کرتے ، چہ جائیکہ بطور انعام مبینہ اقبالی مجرم کو پارٹی کا مرکزی صدر بنا دیتے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسفندیار ولی خان نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے خان عبدالولی خان کو علاج کے لئے دئے گئے پچاس لاکھ روپے ہتھیا لئے ، اور رہبر تحریک نے بطور گلہ یہ بات اعظم ہوتی سے کہی کہ آپ ایک ایسے شخص کو پارٹی کا صدر بنانا چاہتے ہیں جو رہبر کو فروخت کرنے میں تأمل سے کام نہیں لیتا قوم فروشی میں تو وہ کوئی تاخیر نہیں کرے گا - 

اعظم ہوتی کا یہ الزام خان عبدالولی خان کی ذات پر ایسی تہمت ہے جس کی مذمت بطریق احسن کرنے کے لئے اردو میں الفاظ نہیں اور پشتو میں جو کچھ لکھنے کی آرزو ہے تہذیب اس کی اجازت نہیں دیتی ، رہبرتحریکؒ نے پاکستانی سیاست کے اس غلیظ جوہڑ میں ایسی پاک زندگی گزاری ہے کہ ایک چھینٹ بھی ان کے دامن پر نہیں ، اسی لئے ان کے مخالفین بھی انہیں زندہ ولی قرار دیتے تھے - عطیات ، عہدے اور مراعات قبول کرنا ہوتے تو کوئی مارا ماری ہی نہ ہوتی ، رہبر آرام سے پاکستان کے وزیراعظم 1960ء کے عشرے میں بن چکے ہوتے ، جنرل ضیاع کے عہد میں بھی وزیر اعظم ہوتے لیکن یہ ’’شان ولایت‘‘ کے خلاف باتیں ہیں - رہبر اپنے نام پر لئے جانے والے پیسوں پر خاموش رہ ہی نہیں سکتے تھے- اعظم ہوتی کے اس الزام سے اس بات کا بھی پتہ چلتا ہے کہ وہ رہبر کے بالکل بھی قریب نہیں رہے - 

خان عبدالولی خانؒ دیانت داری اور کرداری عظمت پر جان نچھاور کرنے والی ہستی تھیں ، "باچاخان او خدائی خدمتگاری" جلد دوم صفحہ 442سے شروع کیجئے اور پڑھئے کہ مولانا بھاشانی کے حوالے سے جب ذوالفقار علی بھٹو نے خان عبدالولی خان کو یہ بتایا کہ وہ ایوب اور فاطمہ جناح کے الیکشن میں صدر ایوب سے پیسے کھاتے رہے تھے تو انہوں نے ایک لمحہ تاخیر کئے بغیر شمالی بنگال کے گاؤں پنج بی بی کا رخ کیا اور اپنے ساتھ ارباب سکندر خان خلیل شہید اور محمود علی قصوری کو بھی لے گئے ، اور انہیں بھٹو کے روبرو ہونے کا کہا جس پر مولانا بھاشانی نے ان کے پیر پکڑ لئے لیکن رہبر نے اس چھوٹی حرکت پر انہیں معاف نہیں کیا ، وہ جب مولانا بھاشانی جیسی شخصیت کو معاف کرنے پر تیار نہیں تھے تو اسفندیار ولی خان سے انہوں نے اس لئے کچھ تعرض نہیں کیا کہ وہ ان کے بیٹے تھے؟َیہ الزام رہبر پر ہے یا اسفندیار ولی خان پر ؟

اعظم ہوتی یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ 1994ء کی بات ہے- اسفندیار ولی خان 1999میں پہلی مرتبہ پارٹی کے صدر بنے تھے یعنی پانچ سال بعد بھی ان دو دردناک واقعات کے باوجود اسفندیار ولی خان کی صدارت کڑوے گھونٹ کی طرح قبول کر لی گئی اور یہ کڑوا گھونٹ صرف اعظم ہوتی کے کہنے پر رہبر تحریک نے بادل نخواستہ حلق سے اتارا ؟اب اس بات پر کون یقین کرسکتا ہے ، کہ اس کڑوے گھونٹ کے بعد 2003ء میں دوبارہ رہبر تحریک کو کڑوا گھونٹ پینا پڑ گیا جب اسفندیار ولی خان دوسری مدت کے لئے پارٹی کے صدر بنے -

خان عبدالولی خانؒ کے ناقدین و پیروکار دونوں اس بات کی گواہی دینے کے لئے تیار ہیں کہ انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ان کی تمام سیاست کی بنیاد ہی اس بات پر تھی کہ انہیں موت قبول تھی لیکن جھکنا ان کی کتاب میں نہیں تھا لیکن افسوس کہ اعظم ہوتی نے اسفندیار ولی خان کے خلاف اپنے تعصب کے اظہار میں نہایت ہی بودی گندی اور ناقابل اعتبار باتیں کہیں- 

ہم نے کئی خدائی خدمت گاروں کی یہ عادت نوٹ کی ہے کہ وہ جب باچاخانؒ کے ساتھ اپنے تعلق کی گہرائی بیان کرتے تھے تو اپنی شہادت اور درمیانی انگلی کو یکجا کر کے کہتے کہ میں اور باچا خانؒ ایسے جار ہے تھے ، اعظم ہوتی کو تو خدائی خدمتگاری کا کوئی موقع نصیب نہیں ہوا کہ وہ اپنے والد کی وفات کے وقت فقط گیارہ سال کے تھے اور یہ 1957ء کی بات ہے تاہم رہبر تحریک کے ساتھ اپنی قربت انہوں نے کچھ اسی انداز میں بیان کی اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ دو فیصلے ایسے تھے کہ جن میں وہ شامل نہیں تھے ، پہلا فیصلہ مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد کے خاتمے کا تھا اور دوسرا فیصلہ افغانستان پر امریکی حملے کے بعد کی پریس کانفرنس کا تھا، کہتے ہیں کہ پہلے فیصلے کے وقت وہ تاخیر سے پہنچے تھے اور دوسرے کا تو انہیں پتہ ہی نہیں تھا - 

اب اس صریح دروغ گوئی کاکیا نام رکھا جائے ؟ان کے خیال میں لوگوں کی یاداشت اتنی کمزور ہے وہ بھول گئے کہ اعظم ہوتی اس اتحاد کے خاتمے کے خلاف تھے ، انہوں نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا تھا لیکن ان کی رائے کو مستر د کردیا گیا تھا ، وہ اتحاد کے خاتمے کے بعد بھی وزارت کے مزے لوٹنے روزانہ دفتر جاتے تھے اس بات کا انکشاف اخبارات میں ہوا اور پارٹی نے ان کی سر زنش کی تو انہوں نے کھمبا نوچتے ہوئے کھسیانے کو ترجیح دی - 

دوسرا فیصلہ یعنی رہبرتحریک کی نائن الیون کے بعد کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بھی انہوں نے حد درجہ دروغ گوئی سے کام لیا۔ چارجون 2013 کو پشاور میں منعقدہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اس پریس کانفرنس سے قبل رہبر نے ان سے مشورہ کیا تھا اور ان کے مشورے کو شایان شان طور پر مستر د کردیا گیا تھا، گویا ان کی ایسی کوئی قربت رہبر تحریکؒ کے ساتھ نہیں تھی جس کی بنیاد پر ان کی باتوں کو سچ مان لیا جائے ۔ نواز شریف کے ساتھ ان کی قربت یا نیاز مندی کا احوال بھی واقفانِ حال کو معلوم ہے ، نواز شریف کی اس فون کال کا ذکر ضروری ہے جب انہوں نے 1997ء میں وزیر اعظم بننے کے بعد رہبرتحریک کو فون کرکے کہا تھاکہ اعظم ہوتی کے سوا کسی کوبھی آپ وزیر بنوا دیں۔ وہ تو اعظم ہوتی کو اپنی کابینہ میں شامل کرنے کے روادار نہیں تھے ، نیازمندی اور قربت کہاں سے آگئی ؟

اسفندیار ولی خان کے بارے میں ولی باغ کے اردگرد ایک قصہ مشہور ہے ۔ کہتے ہیں کہ رہبر تحریک نے اپنی زندگی میں ولی باغ کی تقسیم کر دی تھی اور اس میں اسفندیار ولی خان کا حصہ ناقابل یقین حد تک کم رکھا ، اس پر ایک بیٹے کا اپنے والد سے گلہ فطری ہے چنانچہ اسفندیار ولی خان نے رہبرتحریک سے اس بے نوازی کی وجہ پوچھی تو خان عبدالولی خانؒ نے نہایت ہی تاریخ ساز جواب دیا اور کہا’’میرے بیٹے یہ زمینیں جائیدادیں عارضی چیزیں ہیں ، تمہیں میں ایک ایسی چیز دوں گا جو کبھی ختم نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی تم سے چھین سکے گا بلکہ اس میں اضافہ ہی ہوتا رہے گا‘‘۔ سو اعظم ہوتی اور ان کے ہمخیالوں کے لئے یہ بات کافی ہے ۔وہ چیزباچاخان اور خان عبدالولی خان کی کرشماتی شخصیتوں کی سیاسی و عوامی وراثت تھی وہ محبوبیت تھی جو ان دو بزرگوں کو نصیب ہوئی اور رہبرتحریکؒ جاتے جاتے وہ سب کچھ اسفندیار ولی خان کو سونپ گئے ۔ جو نہ کم ہوگی جو نہ عارضی ہے اور سب سے بڑی بات وہ کوئی چھین بھی نہیں سکتا ۔ اسے تجزیہ ہی نہیں چیلنج بھی سمجھا جائے ۔